ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاکستان اور قازقستان کے درمیان 19 معاہدے، تجارت، توانائی اور ٹیکنالوجی میں تعاون پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور قازقستان کے درمیان 19 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے جب کہ دونوں ممالک میں تجارت، توانائی و ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

قازقستان کے صدر قاسم جومارت کا وزیراعظم ہاؤس پہنچن ےپر شاندار اور باوقار استقبال کیا گیا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان صدر کا خیرمقدم کیا ۔ اس موقع پر صدر قازقستان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔

استقبالیہ مرحلے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر قاسم جومارت سے وفاقی کابینہ کے اراکین کا تعارف کرایا جب کہ قازقستان کے صدر نے وزیراعظم کو اپنے اعلیٰ سطح کے  وفد کے اراکین سے متعارف کروایا۔ اس کے بعد صدر قازقستان کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام، سفارتی نمائندے اور سرکاری وفود شریک ہوئے۔

استقبالیہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور قازقستان اپنے تعلقات کو صرف سفارتی سطح تک محدود رکھنے کے بجائے اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی شراکت داری میں تبدیل کریں گے تاکہ دونوں ممالک کو باہمی فائدہ حاصل ہو سکے۔

ملاقات کے بعد پاکستان اور قازقستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی باضابطہ تقریب منعقد ہوئی، جسے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے، جس میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تقریب کے دوران مجموعی طور پر 19 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا، جن کا تعلق مختلف شعبوں سے ہے۔ ان میں اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں تعاون، کان کنی اور پیٹرولیم کے شعبے میں شراکت داری، قیدیوں کے تبادلے اور میری ٹائم سیکٹر میں تعاون جیسے اہم امور شامل ہیں۔ ان معاہدوں کو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور عملی تعاون کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ، کسٹمز کے شعبے میں تعاون اور محکمہ ریلوے میں شراکت داری سے متعلق معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ حکام کے مطابق ان اقدامات سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی روابط مضبوط ہوں گے اور نقل و حمل کے نظام کو زیادہ مؤثر اور مربوط بنایا جا سکے گا۔

دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، ورچوئل اثاثوں میں شراکت داری، پروٹیکشن اور ویٹرنری کے شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا۔ اسی طرح مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی کے میدان میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی کیا گیا، جسے مستقبل میں تکنیکی اشتراک اور ڈیجیٹل شراکت داری کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی اس تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ اور طے پانے والے معاہدے پاکستان اور قازقستان کے تعلقات کو ایک نئے دور میں داخل کرنے کا باعث بنیں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں