ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جرائم، آلودگی اور بے ہنگم ہجوم؛ بھارتی دارالحکومت دنیا کے پریشان کن شہروں میں شامل

بھارتی دارالحکومت جرائم، آلودگی اور بے ہنگم ہجوم سمیت دیگر بنیادوں پر دنیا کے پرنشان کن شہروں کی فہرست میں شامل ہے۔

دنیا بھر میں سیاحت کے رجحانات جانچنے اور مسافروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے لیے برطانیہ سے تعلق رکھنے والی معروف سروس کمپنیوں SCS Chauffeur اور House Fresh کے ماہرین نے ایک جامع تحقیق کی ہے، جس میں دنیا کے مختلف بڑے شہروں کا تقابلی تجزیہ کیا گیا۔

اس نئی تحقیق کا مقصد یہ جاننا تھا کہ کون سے شہر ایسے عوامل کی وجہ سے سیاحوں کے لیے سب سے زیادہ پریشانی کا باعث بنتے ہیں جو ان کے سفر کے تجربے کو متاثر کرتے ہیں۔

تحقیق میں جرائم کی شرح، فضائی آلودگی، آبادی اور سیاحوں کا غیر معمولی ہجوم، ٹریفک جام اور شہری نظم و نسق جیسے عوامل کو بنیاد بنایا گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ تمام عناصر مل کر نہ صرف شہری زندگی کو مشکل بناتے ہیں بلکہ بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے بھی شدید ذہنی دباؤ، خوف اور عدم اطمینان کا سبب بنتے ہیں۔

تحقیقی نتائج کے مطابق دنیا کا سب سے زیادہ پریشان کن شہر جنوبی افریقا کا ساحلی شہر کیپ ٹاؤن قرار پایا، جہاں جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیاں، اسٹریٹ کرائم اور عدم تحفظ کے واقعات سیاحوں کے لیے بڑا مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیپ ٹاؤن میں سیاحوں کو نہ صرف جرائم بلکہ معاشرتی عدم استحکام اور بعض علاقوں میں پولیس کی کمزور موجودگی کا سامنا بھی رہتا ہے۔

اس فہرست میں دوسرا نمبر بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کو دیا گیا ہے، جہاں فضائی آلودگی خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق نئی دہلی میں آلودگی کی سطح اس قدر زیادہ ہے کہ کئی غیر ملکی سیاحوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور صحت کے دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کا سیاحتی تجربہ شدید متاثر ہوتا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نئی دہلی میں بے تحاشا ہجوم، ٹریفک کا بے قابو دباؤ اور متفرق نوعیت کے جرائم بھی سیاحوں کے لیے پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔ تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے باوجود شہر کا انفرا اسٹرکچر بڑھتے ہوئے دباؤ کو سنبھالنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے، جس کا براہِ راست اثر سیاحت پر پڑتا ہے۔

تحقیق کے مطابق نئی دہلی کے بعد جوہانس برگ، زیورچ، ساؤ پالو، جکارتا، کوالالمپور، میکسیکو سٹی، ایتھنز اور نیپلز کو بھی دنیا کے نسبتاً زیادہ پریشان کن شہروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ شہر بنیادی شہری مسائل پر توجہ دیں تو نہ صرف مقامی آبادی بلکہ عالمی سیاحوں کے لیے بھی ان کا تشخص بہتر ہو سکتا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں