ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بنگلادیش انتخابات: شفیق الرحمان نے ڈھاکا-15 کی نشست پر کامیابی حاصل کر لی

ڈھاکا: بنگلادیش کے قومی اسمبلی کے انتخابات میں جماعتِ اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر شفیق الرحمان نے ڈھاکا-15 کے پارلیمانی حلقے سے شاندار کامیابی حاصل کر لی ہے۔

الیکشن کمیشن نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ شفیق الرحمان نے 85,131 ووٹ حاصل کر کے اپنے قریبی حریف بی این پی کے امیدوار شفیق الاسلام خان کو 63,517 ووٹوں کے مقابلے میں 21,614 ووٹوں کی واضح برتری سے شکست دی۔

الیکشن کے دوران جمعرات کی شام جماعتِ اسلامی نے ووٹوں کی گنتی میں بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا تھا اور کہا کہ دیگر ڈھاکا کے حلقوں کے نتائج کے اعلان کے مقابلے میں ڈھاکا-15 کے نتائج میں غیر معمولی تاخیر ہوئی، جس سے انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس حلقے میں کل 351,718 رجسٹرڈ ووٹرز موجود تھے، جن میں 179,616 مرد، 172,098 خواتین اور 43 دیگر جنس کے ووٹر شامل ہیں، جبکہ کل 8 امیدوار اس حلقے سے مدمقابل تھے۔

الیکشن کمیشن کے سینئر سیکریٹری اختر احمد نے بتایا کہ بی این پی اتحاد مجموعی طور پر 212 نشستوں پر کامیاب رہا، جبکہ جماعتِ اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتی اتحاد نے 77 نشستیں جیتیں۔ اسلامی اندولن بنگلادیش نے ایک نشست حاصل کی اور آزاد امیدوار سات نشستوں پر کامیاب ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے اب تک 297 نشستوں کے باضابطہ نتائج جاری کیے ہیں اور باقی دو نشستوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 12 فروری کو ہوئے ریفرنڈم میں 60.26 فیصد ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ریفرنڈم کے حق میں ووٹ دیا تھا جبکہ قومی انتخابات میں 11 لاکھ 43 ہزار 845 پوسٹل ووٹز بھی ایپ کے ذریعے جمع کرائے گئے۔

جماعتِ اسلامی نے اب تک شکست کو تسلیم نہیں کیا اور اعلان کیا ہے کہ وہ ووٹوں کی گنتی اور انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین تحفظات رکھتی ہے۔ جماعت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی نتائج کا انتظار کریں اور سیاسی ردعمل میں تحمل کا مظاہرہ کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں