خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کی جانب سے کواڈ کاپٹر (ڈرون) کے ذریعے پولیس پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد دیتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کی حالت خطرے سے باہر قرار دی۔
واقعے کے بعد بنوں ریجن کے ڈی آئی جی سجاد خان کی ہدایات پر لکی مروت پولیس، امن کمیٹی اور بنوں پولیس کی بھاری نفری نے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے حملہ آوروں کا ایک کواڈ کاپٹر مار گرایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کا جدید ڈرون فضا میں بلند ہوتے ہی دہشت گردوں کے ڈرون پسپا ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں متعدد حملہ آوروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔