وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سربراہ طارق رحمان کو فون، حالیہ پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے بنگلا دیش کے عوام کو کامیاب عام انتخابات کے انعقاد پر بھی مبارکباد پیش کی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو وسعت دے کر خطے میں امن اور ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر بیگم خالدہ ضیا کی پاک بنگلا دیش تعلقات کے لیے خدمات کو بھی سراہا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے جاری رکھنے اور عوامی فلاح کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے طارق رحمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کے الیکشن کمیشن کے مطابق حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بی این پی نے 299 میں سے 212 نشستیں حاصل کر کے دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے۔