ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سوڈان کے مصروف بازار پر ڈرون حملہ، درجنوں افراد ہلاک

افریقی ملک سوڈان میں شمالی کردفان کے علاقے میں واقع الصفیہ مارکیٹ پر ڈرون حملہ کیا گیا۔

انسانی حقوق کی تنظیم ایمرجینسی لائرز کے مطابق اس حملے میں کم از کم 28 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بازار اس وقت خریداروں سے بھرا ہوا تھا جب اچانک دھماکے سے ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔

واضح رہے کہ یہ علاقہ اس وقت سوڈانی فوج اور نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

اپریل 2023 سے جاری اس خونریز تصادم میں دونوں فریق ایک دوسرے کے زیر اثر علاقوں پر فضائی اور زمینی حملے کر رہے ہیں۔ شمالی کردفان جغرافیائی لحاظ سے اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ خطہ مغربی دارفور کو دارالحکومت خرطوم سے ملانے والے مرکزی راستے پر واقع ہے۔

سوڈان میں گزشتہ ہفتوں میں بھی تعلیمی اداروں اور امدادی گوداموں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں جس سے انسانی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے۔

اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق اس تنازع نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا ہے جبکہ ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ ملک عملاً دو حصوں میں بٹ چکا ہے جہاں فوج شمالی و مشرقی علاقوں پر قابض ہے جبکہ آر ایس ایف مغربی خطوں میں اثر و رسوخ رکھتی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فوری جنگ بندی کے بغیر عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں