ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈّوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد متعلقہ ممالک نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کویت میں نمازِ تراویح کے اجتماعات عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں، جبکہ قطر نے اجتماعی افطار اور دیگر عوامی تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
کویت کی وزارتِ اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کی مساجد میں رمضان المبارک کے دوران ادا کی جانے والی نمازِ تراویح تاحکمِ ثانی منعقد نہیں کی جائے گی۔ وزارت کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ حفاظتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور صورتحال بہتر ہوتے ہی عبادات معمول کے مطابق بحال کر دی جائیں گی۔
دوسری جانب قطر نے بھی ملک بھر میں افطار تقریبات اور دیگر اجتماعات کو وقتی طور پر روک دیا ہے۔ حکام کے مطابق دارالحکومت دوحہ کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کے بعد یہ احتیاطی اقدامات کیے گئے۔
قطری حکام نے ہوٹلوں اور سیاحتی مقامات پر تمام تفریحی اور عوامی سرگرمیاں بھی عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مزید برآں، بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
قطر کے سول سروس اینڈ گورنمنٹ ڈیولپمنٹ بیورو کے بیان کے مطابق تمام وزارتوں، سرکاری اداروں اور عوامی محکموں کے ملازمین آئندہ احکامات تک دفاتر آنے کے بجائے گھروں سے فرائض انجام دیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ میزائل حملوں کے دوران بعض میزائلوں یا دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیے گئے میزائلوں کا ملبہ قطر کے مختلف علاقوں میں گرا، جس کے بعد حکام نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔