ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مہنگائی کا نیا طوفان: پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح میں بڑا اضافہ

اسلام آباد: حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے پیٹرولیم لیوی کی شرح میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

اس اقدام کے بعد عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

وزارت پیٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق حکومت نے پیٹرول پر عائد لیوی میں 13 روپے 911  پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد پیٹرول پر لیوی کی کل شرح 117 روپے 41 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر بھی لیوی میں 13 روپے 91  پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل پر عائد لیوی کی نئی شرح 42  روپے 60  پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ حکومتی فیصلے کا اطلاق گزشتہ رات بارہ بجے سے ہو چکا ہے۔

نئی قیمتوں کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈیزل اب 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔ اس سے قبل ڈیزل کی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر تھی۔

دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ قبل ازیں پیٹرول 399 روپے 86  پیسے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا تھا۔

واضح رہے کہ حکومت نے اس سے قبل 29 اپریل کو بھی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا تھا۔ مسلسل اضافوں کے باعث ملک میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے اور اس سے مہنگائی کی شرح میں مزید تیزی آتی ہے۔

عوام نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاشی بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے متبادل راستے تلاش کرے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں