اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ایک بار پھر سیاسی اور سماجی معاملات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے منشیات کے ایک حالیہ کیس اور مبینہ سیاسی رویوں پر تنقید کی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ انتظار ہے کہ منشیات فروش پنکی کو کب تمغہ دیا جائے گا، اب تو وہ بھی تمغے کی حق دار بن گئی ہے، ان کا یہ بیان ایک حالیہ منشیات کیس سے منسلک تنقید کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پنکی حکمرانوں کے نام سے ایک ایسا نظام قائم ہے جو قیام پاکستان سے اب تک مختلف شکلوں میں موجود رہا ہے ، یہ نظام عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید بگاڑ پیدا کر رہا ہے۔
فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا کہ اس طرز حکمرانی کے باعث پاکستان کی نوجوان نسل متاثر ہو رہی ہے اور ملک کو سنگین سماجی و انتظامی بحرانوں کا سامنا ہے، جب تک احتساب کا مؤثر نظام نافذ نہیں کیا جاتا، اس وقت تک صورتحال میں بہتری ممکن نہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری عمل کے بجائے بیوروکریسی کے ذریعے فیصلے کرانا، جھوٹے الزامات اور بیانیے بنانا، اپنی نااہلی چھپانا اور سیاسی سرگرمیوں میں دکھاوے کے اقدامات ملک کو آگے نہیں بڑھنے دیتے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں ایک شعر بھی لکھا:
یہ تو ابتدا ہے اسکینڈلز کی روتا ہے کیا
آگے آگے دیکھئے اسکینڈلز سے ہوتا ہے کیا
یاد رہے کہ ملک میں منشیات کے خلاف کارروائیاں اور سیاسی بیانات کے تناظر میں حالیہ دنوں میں بحث میں تیزی آئی ہے، جس کے باعث مختلف سیاسی رہنما ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔