ہم اسلام آباد ایم او یو کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں،باقر قالیباف
فوٹو آئی ایس پی آر ریلیز
تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی اور وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی سے تفصیلی ملاقاتیں کیں،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین کے درمیان خطے میں مزید کشیدگی روکنے اور جاری تنازع کے جلد از جلد خاتمے پر جامع گفتگو ہوئی۔ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور بحری آمدورفت کی بحالی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تنازعات کے پرامن اور مذاکراتی حل کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کے قیام پر زور دیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی اسپیکر باقر قالیباف ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ بھی ہیں، ملاقات خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کے سلسلے میں ہوئی۔
باقر قالیباف نے کہا کہ ہم اسلام آباد ایم او یو کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں، امریکہ کو مفاہمت نامے کے تحت اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
فیلڈمارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر داخلہ سکندرمومنی کی ملاقات
اس سے قبل چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر تہران پہنچے، ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا، بعدازاں تفصیلی ملاقات بھی ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن واستحکام کے فروغ کیلئے پاکستانی کوششوں کا حصہ ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران میں تنازع کے پرامن حل کیلئے کوششوں پر توجہ دیں گے۔