افغان طالبان حکومت مؤثر بارڈر مینجمنٹ اور انسداد دہشت گردی سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،21 خوارج ہلاک
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 سے 5 ستمبر 2026 کے دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور جھڑپوں میں 21 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا، جس پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 7 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں بھی مشترکہ کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران دو الگ جھڑپوں میں مزید 4 خوارج مارے گئے۔
بیان کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب کی گئی کارروائی کے بعد علاقے میں چھپے مزید 10 خوارج کو بھی ہلاک کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے بعد ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور بار بار ہونے والے واقعات افغان طالبان حکومت کی جانب سے اپنی سرزمین کو دہشت گرد تنظیموں کے استعمال سے روکنے میں ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان طالبان حکومت مؤثر بارڈر مینجمنٹ اور انسداد دہشت گردی سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور علاقے میں موجود مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔