ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جموں میں 522گرام ہیروئن کیس کا ملزم این سی بی کی حراست سے فرار، تلاش شروع


جموں/جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں 522 گرام ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا گیا ایک ملزم جموں میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی حراست سے فرار ہوگیا، جس کے بعد پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں نے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی ہے۔فرار ہونے والے ملزم کی شناخت عاقب بشیرساکن کاکاپورہ، پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق عاقب بشیر اتوار اور پیر کی درمیانی شب جموں کے نروال علاقے میں این سی بی کی حراست سے فرار ہوا۔
این سی بی نے عاقب بشیر کو 3 ستمبرکو اس وقت گرفتار کیا تھا جب سانبہ کے نیو بس اسٹینڈ کے قریب ایک مسافر بس کو روک کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 522 گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔این سی بی کے مطابق یہ کارروائی جموں و کشمیر میں ہیروئن کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف جاری ایک وسیع تحقیقات کا حصہ تھی۔ ملزم کے فرار کے بعد پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں نے جموں کے اہم داخلی و خارجی راستوں پر ناکے قائم کرکے گاڑیوں کی چیکنگ اور مشتبہ افراد کی تلاشی مزید سخت کردی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو مختلف مقامات پر تلاشی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ جموں اور اس کے گردونواح میں بھی خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق این سی بی کی تحویل سے ملزم کے فرار ہونے کے واقعے کی تحقیقات بھی متوقع ہے، تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ سکیورٹی میں کوتاہی کس طرح ہوئی اور اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔
عاقب بشیر کی گرفتاری این سی بی کی جانب سے ایک ماہ تک جاری رہنے والی کارروائی کا حصہ تھی، جس کے دوران جموں و کشمیر میں ہیروئن کی اسمگلنگ کے دو مشتبہ راستوںکا سراغ لگایا گیاایک پنجاب کے راستے جبکہ دوسرا اُوڑی سیکٹر کے ذریعے۔جموں ڈویژن میں چار کارروائیوں اور پنجاب میں ایک منسلک کارروائی کے دوران این سی بی نے مجموعی طور پر6.920 کلوگرام ہیروئن ضبط کی اور چھ افراد کو گرفتارکیا۔
سانبہکے معاملے میں این سی بی نے 522 گرام ہیروئن کی کھیپ کا پچھلا سراغ پنجاب کے لدھیانہ تک لگایا، جہاں فالو اَپ کارروائی کے دوران مزید197 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اس طرح اس کیس سے منسلک مجموعی برآمدگی 719 گرام تک پہنچ گئی۔ملزم کے فرار ہونے کے بعد اب این سی بی کی حراستی سہولت میں سکیورٹی انتظامات اور اس واقعے کے حالات پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں