سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو اسمبلی میں پنچایتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق سوال پر بی جے پی کے ’مناسب وقت‘ والے مؤقف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح بی جے پی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے ’مناسب وقت‘ کی بات کرتی ہے، اسی طرح حکومت بھی پنچایتی انتخابات کے لیے یہی جواب دے سکتی ہے۔
اسمبلی میں بی جے پی کے رکن اسمبلی آر ایس پٹھانیا کی جانب سے پنچایتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ٹائم لائن پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا، ’’آپ ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے مناسب وقت کہتے ہیں، ہم پنچایتی انتخابات کے لیے بھی یہی کہیں گے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر بی جے پی پنچایتی انتخابات کے حوالے سے وضاحت پر اصرار کرتی رہی تو حکومت بھی اسی انداز میں جواب دے سکتی ہے کہ انتخابات ’’مناسب وقت‘‘ پر کرائے جائیں گے۔
عمر عبداللہ نے ’مناسب وقت‘ کی اصطلاح کے مفہوم پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے خود یہ واضح نہیں کیا کہ وہ مناسب وقت کب آئے گا یا اس کا تعین کس بنیاد پر کیا جائے گا۔