ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا امریکی عوام کے نام 25 صفحات پر مشتمل کھلا خط جاری

خارجہ پالیسی میں تبدیلی کا مطالبہ، دنیا بھر میں فوجی اڈوں پر سوالات، حکمران عوام سے جھوٹ بولتے ہیں، حسین محبی۔

September 29, 2026 · اہم خبریں

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے امریکی عوام کے نام 25 صفحات پر مشتمل ایک کھلا خط جاری کیا ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کی مخالفت اور اسرائیل کی حمایت فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دستیاب دستاویز کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان پُرامن بقائے باہمی کو ممکن قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے امریکا کو اپنی خارجہ پالیسی میں بنیادی تبدیلیاں لانا ہوں گی۔

ترجمان نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ بیرونِ ملک جاری جنگوں اور اسرائیل کی حکومتی حمایت کی کھل کر مخالفت کریں اور جنگی کارروائیوں سے خود کو الگ کرتے ہوئے شدید مذمت کریں۔ پریس کانفرنس کے دوران حسین محبی نے سوال اٹھایا کہ اگر امریکا کو محض اپنا دفاع کرنا ہے تو دنیا بھر میں 800 فوجی اڈے قائم کرنے کا کیا جواز ہے اور اتنے بڑے فوجی بجٹ کا مقصد کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دنیا بھر میں جہاں بھی قتل و غارت گری ہوتی ہے، اس کے تانے بانے براہِ راست امریکا سے جا ملتے ہیں۔

دستاویز کے مطابق امریکی عوام کو یہ سوچنا چاہیے کہ یہ سب کیوں ہو رہا ہے کیونکہ لوگ بخوبی جانتے ہیں کہ امریکی فوج سنگین جرائم میں ملوث ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا میں 3 کروڑ 90 لاکھ افراد خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور اگر امریکا واقعی خوشحال ہے تو لاکھوں افراد بے گھر کیوں ہیں۔ اس کے علاوہ امریکا میں آج بھی صحتِ عامہ کا کوئی جامع نظام موجود نہیں ہے۔ ایرانی قیادت کا مؤقف ہے کہ امریکی حکمران اپنے ہی عوام سے مسلسل جھوٹ بولتے ہیں اور جب ‘مرگ بہ امریکا’ کا نعرہ لگایا جاتا ہے تو یہ دراصل امریکی پالیسیوں پر تنقید ہوتی ہے نہ کہ امریکی عوام کی ہلاکت کی خواہش۔

اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وفد کو ذرائع ابلاغ کے مناسب وسائل میسر نہ ہونے کی وجہ سے یہ خط جاری کیا گیا تاکہ اصل حقائق امریکی عوام تک پہنچائے جا سکیں۔ پاسدارانِ انقلاب نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوششوں کا دعویٰ اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے اور ٹرمپ حکومت ایران کے جوہری پروگرام کو بہانہ بنا کر اس کے قدرتی وسائل اور دولت پر قبضے کی کوشش کر رہی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں