(16 اکتوبر 2026): آبنائے ہرمز میں سمندر کی سطح پر تیرتے سیکڑوں قیمتی آئی فونز اور پرفیومز کی ویڈیو نے دنیا بھر میں ہلچل مچا دی ہے۔
آبنائے ہرمز پر اب تک صرف چھوٹے بڑے بحری جہاز تیرا کرتے تھے، لیکن سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں سطح سمندر پر سیکڑوں قیمتی آئی فونز اور پرفیومز تیرتے دکھائی دے رہے ہیں اور دنیا بھر میں یہ منظر حیرت اور دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں سمندر کی سطح پر پرفیوم کی بوتلوں کے پیکٹ اور آئی فونز کے ڈبے چاروں جانب بکھرے دکھائی دے رہے ہیں جب کہ قریب چھوٹی کشتیوں میں سوار افراد پانی سے یہ سامان نکالتے نظر آ رہے ہیں۔
iPhones and other goods float on the sea surface after a container ship sank in the Strait of Hormuz due to hitting a naval mine. https://t.co/L0FYq55h0r
— Middle East Observer (@ME_Observer_)
سطح سمندر پر سیکڑوں آئی فون اور پرفیومز کہاں سے آئے؟
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک مال بردار جہاز ڈوبنے کے بعد اس میں موجود آئی فونز اور پرفیومز بہہ کر سمندر کی سطح پر آ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ سنگاپور کا پرچم بردار جہاز ’جی ایف ایس پرائیڈ‘ ہے، جو دبئی سے سامان لے کر روانہ روانہ ہوا تھا اور ایک حملے کے بعد آگ لگنے سے ڈوب گیا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ جہاز میں لگ بھگ ڈھائی ہزار کنٹینرز موجود تھے، جن میں قیمتی پرفیومز اور آئی فونز بھی شامل تھے۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ جہاز آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد ڈوبا، کیونکہ وہ ان کے بقول غیر مجاز راستے سے گزر رہا تھا جب کہ سمندری حکام کا موقف ہے کہ جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب سنگاپور کی میری ٹائم اینڈ پورٹ اتھارٹی کے مطابق جہاز کے عملے کے تمام 21 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔