ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت، پاکستان دفاعی عزم پر قائم ہے، دفتر خارجہ

شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ پاکستان حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہے۔دفتر خارجہ

October 16, 2026 · اہم خبریں

سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت، پاکستان دفاعی عزم پر قائم ہے، دفتر خارجہ

سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت، پاکستان دفاعی عزم پر قائم ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے اور مکہ معاہدے کے تحت اپنے عزم پر قائم ہے۔

دفتر خارجہ کی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

سجاد حیدر خان کا کہنا تھا کہ شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ پاکستان حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے اس کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے۔

نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان نے عمان کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستان مخالف بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اس بیان کو مسترد کرتا ہے اور بھارت کو گزشتہ سال پیش آنے والے واقعات سے سبق سیکھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے بیان دیا تھا کہ پاکستان سے مستقبل میں ہونے والی کسی بھی دہشت گرد کارروائی کا بھارت پہلے سے زیادہ سخت جواب دے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جواب میں کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور پاکستان اپنی سرزمین کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

غیرقانونی ہجرت کے معاملے پر ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے یورپ کی جانب غیرقانونی ہجرت روکنے کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں، جن کے نتیجے میں اس نوعیت کی ہجرت میں 64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں