English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مقبوضہ کشمیر:سوپور میں سیکورٹی فورسز اور مجاہدین میں مسلح تصادم ، ایک مجاہد شہید، مکان کو دھماکے سے اڑادیاگیا

مقبوضہ کشمیر:سوپور میں سیکورٹی فورسز اور مجاہدین میں مسلح تصادم ، ایک مجاہد شہید، مکان کو دھماکے سے اڑادیاگیا
فائرنگ اور گرینیڈ حملے میں فوجی ہلاک، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی
5اپریل کے کیرن سیکٹر میں خونریز معرکے میں تین مقامی شہدا کی شناخت ہو گئی

سری نگر (ساوتھ ایشین وائر)مقبوضہ کشمیر میں شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبہ کے آرم پورہ گاوں میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان مسلح تصادم میں ایک مجاہد کے شہید ہونے کی اطلاع ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق علاقہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی ہے۔سیکورٹی فورسز کو علاقہ میں مجاہدین کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی جس کے بعد انہوں نے علاقہ کو محاصرے میں لیا۔خیال کیا جاتا ہے کہ اس علاقے میں دو سے تین مجاہدین موجود ہیں۔سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شب سے ہی پورے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا۔ جو آج صبح تصادم میں تبدیل ہوا۔ ذرائع کے مطابق علاقہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی ہے۔عہدیداروں نے بتایاکہ فوج نے پہلے ہی علاقے میں مزید کمک منگوائی ہے۔حکام نے بتایاکہ جس مکان میں مجاہدین چھپے تھے اسے بارود سے دھماکے میں اڑا دیا گیا۔ ساوتھ ایشین وائر کو حکام نے بتایاکہ فورسز اور مجاہدین کے مابین جاری فائرنگ کے تبادلے میں آرمی کے 2اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے سوپور فائرنگ کے مقام سے ایک حاملہ خاتون کو بھی بازیاب کرایا ۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس نے مزید بتایا کہ حاملہ خاتون اور اس کی ملازمہ خاتون دونوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
5 اپریل کو کیرن سیکٹر میں ہونے والے خونریز معرکے کی تحقیقات کے نتیجے میں سیکیورٹی ایجنسیوں نے بتایا ہے کہ 5مجاہدین میں سے تین مقامی مجاہدین کی شناخت کر لی گئی ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ تینوں شوپیان کے سجاد احمد حورے ، ملہپورہ کے عادل حسین میر اور لیور ، اننت ناگ کے عمر نذیر خان 2018 سے لاپتہ تھے ۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق جموں و کشمیر پولیس ریکارڈزسے پتہ چلتا ہے کہ سجاد اور عادل کے لاپتہ ہونے پر مقامی تھانوں میں گمشدگی کی ایف آئی آردرج کی گئیں۔
سیکیورٹی اداروں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق ، وادی میں 242 سرگرم مجاہدین موجود ہیں۔ جن میں سے 100 کے قریب لشکرطیبہ اور جیش محمد سے تعلق رکھتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے جنوبی قصبہ بجبہاڑہ میں مجاہدین نے سی آر پی ایف پارٹی پر حملے کرکے فائرنگ کی اور گرینیڈ پھینکے جس کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار ہلاک ہو گیا۔شیولال نیتیا نامی سی آر پی ایف اہلکار کا تعلق سی آر پی ایف کی 116 بٹالین سے تھا۔ایک اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔عہدیداروں کے مطابق ، شام 5:30 بجے کے قریب ، ایک شخص نے علاقے میں گوریانو چوک میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی گشت کرنے والی پارٹی پر دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد فورسز پر فائرنگ کی گئی جس سے سی آر پی ایف کے دو اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ۔منگل کو اسلامک اسٹیٹ کے ایک گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔اس گروپ ، جس کی وادی میں بہت کم موجودگی ہے ، نے حملے کے چند ہی گھنٹوں میں اپنی اماک نیوز ایجنسی کے ذریعے یہ دعوی کیا۔
حملے کے بعد پورے علاقے کو فوج و فورسز نے محاصرے میں لیکر تلاشی کی کاروائی شروع کی جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی ۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق گولیوں کی آواز سے پورا علاقہ لرز اٹھا ۔حملے کے فورا بعد پولیس و فورسز کی اضافی نفری علاقے میں پہنچ گئی جنہوں نے ایک سی آر پی ایف اہلکار کو ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت نازک دیکھ اسے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔حملے کے بعد پورے علاقے کو سیل کرکے حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کر دی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گیا ۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال قصبے میں حفاظتی دستوں نے عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگا کر اسے تباہ کردیا ہے۔منگل کو سی آر پی ایف کی 180 بٹالین، ایس او جی ترال اور فوج کی 42آر آر نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ترال کے ناگہ بل علاقے سے متصل جنگلاتی علاقے کو محاصرہ میں لیا۔پولیس نے کہا ہے کہ یہ ٹھکانہ ممکنہ طور پر ممنوعہ تنظیم انصار غزو الہند سے وابستہ عسکریت پسندوں کا ہوسکتا ہے۔اس سے قبل گزشتہ دنوں ترال کے کملا علاقے میں عسکریت پسندوں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کیا کیا گیا تھا۔
حزب المجاہدین کے لیڈر اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے کپواڑہ معرکے میں شہید ہونے والے کشمیری مجاہدین کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ہر محاذ پر جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے