کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق نے خبردار کیا ہے کہ سندھ حکومت ایم کیوایم کے ساتھ کیے گئے تحریری معاہدے پر عمل کرے ورنہ ہمیں دوسرا طریقہ بھی آتا ہے۔
امین الحق نے حکومت کوسیاسی مفاہمت سے معاملات حل کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ کراچی میں متحدہ کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے امین الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں جمہوری اورآئینی طریقے سے آگے بڑھنا ہوگا، امید ہے کہ اگست 2023 کے انتخابات نئی مردم شماری اور حلقہ بندیوں پر ہوں گے۔
عمران خان کے حوالے سے امین الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے علاوہ سب کو چور سمجھتے ہیں، حکومت سیاسی مفاہمت سے معاملات کو حل کرے، ملک میں ہر صورت میں جمہوری روایت کو قائم رہنا چاہیے، عمران خان آپ کو جمہوری انداز میں آگے بڑھنا پڑے گا۔
