اسلام آباد:چیئرمین پاکستان علما کونسل و انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جی20 کانفرنس میں چین ، سعودی عرب ، ترکی اور مصر کے شرکت نہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ ہندوستان کی سازش ناکام ہوئی ، پاکستان علما کونسل نے ملک کی موجودہ صورتحال اورمقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کل جماعتی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ، 9 مئی کا یوم سیاہ دہشت گردوں اور امن پسندوں کے درمیان واضح تقسیم کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو 9 مئی کے سانحہ میں ملوث مجرمین کے خلاف واضح موقف اپنانا چاہئے ، کسی مجرم کو چھوڑا نہ جائے اور بے گناہ کو گرفتار نہ کیاجائے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ ہندوستان جی۔20 کی صدارت کا غلط فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ، چین ، سعودی عرب، ترکی ، مصر اور دیگر ممالک آج اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ان کے شکر گزار ہیں، ہندوستان نے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے ، ہندوستان کی مقبوضہ کشمیر میں R20 کانفرنس کرنے کی سازش بھی ناکام ہو گی ، کشمیر کے مسئلہ پر اسلامی تعاون تنظیم ، رابطہ عالم اسلامی کا موقف واضح ہے۔