اسلام آباد :چین کے تعاون سے بننے والے نیوگوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے پرآزمائشی پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، پانچ روز تک جاری رہنے والا فلائٹ ٹیسٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ منصوبہ اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہونے والا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوائی اڈے کی پراجیکٹ مینجمنٹ ٹیم کے سربراہ ڈنگ کان نے بتایا کہ گوادر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت تعمیر کیے جانے والے ہوائی اڈے کا فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے زیرانتظام کیا جارہا ہے۔
پراجیکٹ مینجمنٹ ٹیم کے سربراہ نے کہا کہ فلائٹ ٹیسٹ کا بنیادی مقصد منصوبے کی نیوی گیشن سہولیات، نیوی گیشن میں سہولت کی فراہمی،فلائٹ کے طریقہ کاراور رن وے سطح کی کارکردگی کے حوالے سے کام کے معیار اور محفوظ ہونے کی جانچ کرنا ہے۔

