غزہ: اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری سے مزید 40 فلسطینی شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں دو اسکولوں اور مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا،اس فضائی کارروائی کے دوران 40 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ اسرائیل کی فوج نے غرہ بھر میں فضائی کارروائی کی اور کارروائیوں کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔ وسطی غزہ کے البوریج کیمپ میں گھروں پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 15 افراد شہید ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے گنجان آباد اور تاریخی النصیرت کیمپ کے قریب فضائی کارروائی میں 4 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج اس کیمپ کو حماس کا اہم مرکز قرار دیتی ہے۔
عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی طیارے نے شمال میں غزہ سٹی کے مرکز میں ایک گھر پر بمباری کی جہاں 5 فلسطینی شہید ہوئے اور اسی طرح جنوبی شہر خان یونس میں ایک اور فضائی کارروائی میں ایک شہری شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔
غزہ کی سول ایمرجنسی سروس نے بیان میں کہا کہ غزہ سٹی کے دو اسکولوں کو بھی اسرائیلی فوج نے بمباری کا نشانہ بنایا اور اس کے نتیجے میں 15 فلسطینی شہید اور 30 زخمی ہوئے ہیں۔

