راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ علی امین کو صحافیوں کے بارے میں ایسی گفتگو نہیں کرنی چاہیے تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو اس انداز میں بات نہیں کرنی چاہیے تھی اور وہ جوشِ خطابت میں حد سے تجاوز کر گئے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے دباؤ اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی رپورٹنگ کو جہاد قرار دیتے ہوئے پہلے بھی اس کی حمایت کی ہے۔
عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کے بیان پر ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ گنڈاپور نے خطابت کے جوش میں کچھ زیادہ ہی بول دیا، ایسے بیانات نامناسب ہیں۔
واضح رہے کہ چند دن پہلے عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ ہیں اور اگر کوئی علی امین کے بیان پر معافی مانگے تو وہ بزدل ہے اور پارٹی میں نہیں رہنا چاہیے۔
عمران خان نے کہا تھا کہ بلوچستان پہلے ہی پارٹی کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔

