سیالکوٹ : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وفاق پر یلغار روکنے کے لیے ریاست کی پوری طاقت استعمال ہوگی۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔ آپ دیکھیں انہوں نے کبھی دہشت گردی کی مذمت نہیں کی، انہوں نے اپنے دور حکومت میں ہزاروں کی تعداد میں دہشتگردوں کو بسایا ، ان کا کوئی بھی لیڈر دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والوں کے جنازے میں شرکت نہیں کرتا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ صوبے کی تمام پاورز کو وفاق پر استعمال کیاگیا، ڈاکٹر اسراراحمد اور حکیم سعید نے کہا تھا کہ یہ اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں، پاکستان کی تباہی کا سامان عمران خان نے مہیا کیا، بلوچستان میں کل بھی ایک واقعہ ہوا، ایک ہفتے قبل بھی واقعات ہوئے لیکن ان کا ایک ہی بیان تھا کہ عمران خان کو رہا کیا جائے ، رہائی کے علاوہ ان کا کوئی مطالبہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نہ انہیں ملک کی فکر ہے نہ ملکی ترقی سے انہیں کوئی واسطہ ہے، ان کے ذہنوں میں ایسے پاکستان کا وجود نہیں جس میں بانی پی ٹی آئی حکمران نہ ہو ، عمران خان کو ساری سہولتیں عدلیہ نے دے رکھی ہیں ،عدالتوں کو نظر نہیں آرہا بانی پی ٹی آئی ملک کی سالمیت کے ساتھ کیا کررہے ہیں، عدالتوں کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اس سب میں کوئی مفاد نہیں لیکن قومی مفاد میں عدالتوں کی ذمے داری ہے کہ اس معاملے پر نوٹس لیں، عدلیہ کی تاریخ قابل رشک نہیں ،جس طرح شاندانہ گلزار نے کہا تھا کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں۔ پی ٹی آئی کی یہی پوری ڈیفی نیشن ہے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں۔ یہ جو ڈی چوک پر احتجاج کی کال آئی ہے، اس کے پیچھے بھی یہی ایک نظریہ اور ذہنی کیفیت بروئے کار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال دی ہے، یہ آگے بھی ہوسکتی ہے، 15 کو احتجاج کی کال ملک کی سالمیت پر حملہ ہے، اسلام آباد پر یلغار روکنے کے لیے ریاست کی پوری طاقت اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کسی قیمت پر پاکستان کی عزت کیخلاف اقدامات کی اجازت نہیں دیں گے، 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال پر اب تک نوٹس لے لینا چاہیے تھا، اگر نوٹس نہیں لیں گے تو تاریخ انہیں یاد رکھے گی۔
