English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایپکس کمیٹی اجلاس میں بیرون ملک سوشل میڈیا پروپیگنڈا عناصر کیخلاف سخت اقدامات پر اتفاق

اسلام آباد:وزیرِاعظم شہباز شریف کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک موجود سوشل میڈیا پروپیگنڈا عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، چیف سیکرٹریز، وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، انٹیلیجنس اداروں کے سربراہان، اور ڈی جی ایف آئی اے نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیرِاعظم نے ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے قومی یکجہتی اور مثبت بیانیے کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکا نے سیاسی استحکام کو کامیابی کے لیے کلیدی قرار دیا اور عزم استحکام مشن کو تقویت دینے کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے دہشت گردی سے نمٹنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے عزم کو دہرایا۔ اجلاس میں نیکٹا کو دوبارہ فعال کرنے اور سیکیورٹی خطرات کی نشاندہی کے مراکز قائم کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ متعلقہ اداروں نے دہشت گردی، مذہبی انتہا پسندی، اور گمراہ کن معلومات کے خاتمے کے لیے اپنی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

شرکا نے ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ہر قسم کی انتہا پسندی کے خاتمے اور غیر ملکیوں، خاص طور پر چینی باشندوں کی حفاظت کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا  اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے تمام ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ فورم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور سیکورٹی فورسز کو جدید وسائل فراہم کرنے پر زور دیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں کو محفوظ بنانے اور احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سوشل میڈیا پروپیگنڈا کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں گے اور بیرون ملک موجود پروپیگنڈا عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے