اسلام آباد: حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان عرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات پر بیرسٹر گوہر کو پیغام دیا ہے کہ بیک وقت مختلف دروازوں سے مذاکرات نہیں کیے جا سکتے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ انہیں بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات اور اس میں ہونے والے مکالموں کی تفصیلات کا علم ہے۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان نے کہا کہ عمران خان اور علیمہ خان نے آرمی چیف سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات کو مثبت اور خوش آئند قرار دیا ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ اعلیٰ سطح پر براہ راست بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے، جو کہ اطمینان بخش ہے، بیک ڈور اور فرنٹ ڈور دونوں طریقوں سے مذاکرات کا عمل جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت میں دو یا تین دروازوں سے مذاکرات نہیں چل سکتے، اس لیے اب چھوٹے دروازوں، کھڑکیوں یا روشن دانوں سے جھانکنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ اگر وہ دروازہ کھل چکا ہے جس کے لیے طویل عرصے سے کوششیں کی جا رہی تھیں، تو اب ان کوششوں کو چھوڑ دینا چاہیے۔
