نئی دہلی/ٹاٹا گروپ کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) تیولدے گیبرمریم نے پیر کو باضابطہ طور پر اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ٹاٹا گروپ اور ایئر انڈیا کے چیئرمین این چندرشیکھرن اور سبکدوش ہونے والے سی ای او و منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کیمبل ولسن نے ٹاؤن ہال میں مسٹر گیبرمریم کا استقبال کیا۔ مسٹر گیبرمریم کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایئر انڈیا میں سیفٹی کے تعلق سے کافی تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔ گزشتہ سال 12 جون کو احمد آباد میں ہوئے طیارہ حادثے سے لے کر اس سال اگست میں ایک پائلٹ کے منشیات کے استعمال کی بات سامنے آنے تک سیفٹی سے متعلق کئی چیلنجز سامنے آ چکے ہیں۔ ساتھ ہی مغربی ایشیا کے بحران اور خام تیل کی اونچی قیمتوں کا دباؤ بھی موجود ہے۔
چندرشیکھرن نے بھی ٹاؤن ہال میں اپنے خطاب کے دوران سیفٹی پر توجہ کو انتہائی اہم قرار دیا۔ ایتھوپین ایئر لائنز کے سابق سربراہ مسٹر گیبرمریم کو سی ای او اور ایم ڈی مقرر کرنے کا اعلان گزشتہ 05 اگست کو کیا گیا تھا۔ مسٹر ولسن کے اس سال اپریل میں استعفیٰ دینے کے بعد طویل انتخاب کے عمل کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان کے نام پر مہر لگائی تھی۔ مسٹر گیبرمریم کو ایوی ایشن انڈسٹری کے سب سے کامیاب چیف ایگزیکٹو افسران میں شمار کیا جاتا ہے۔ ایتھوپین ایئر لائنز گروپ کے سی ای او کے طور پر ایک دہائی سے زائد کے اپنے دور میں انہوں نے ایک علاقائی ایئر لائن کو افریقہ کے سب سے بڑے، سب سے زیادہ منافع بخش اور معزز ایئر لائن گروپ میں تبدیل کر دیا۔ ان کی قیادت میں کمپنی کی آمدنی چار گنا سے زیادہ اور طیاروں کا بیڑا تقریباً تین گنا بڑھ گیا۔ وہ ڈیلٹا ایئر لائنز کے سینئر اسٹریٹجک ایڈوائزر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
چندرشیکھرن نے ٹاؤن ہال میں کہا کہ ایئر لائن کے اگلے مرحلے میں سیفٹی ، گاہکوں کا اعتماد، آپریشنل کارکردگی اور لاگت میں نظم و ضبط پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا، “سب سے اہم بات جو ایئر انڈیا کو حاصل کرنی چاہیے، وہ ہے لوگوں کے دلوں میں اعتماد۔” انہوں نے کہا کہ ایئر لائن کو کسی بھی چیز سے بڑھ کر سیفٹی کا خیال رکھنے کے لیے جانا جانا چاہیے۔ اس کا سیفٹی ریکارڈ نہ صرف دنیا کی بہترین ایئر لائنز کے برابر ہونا چاہیے، بلکہ ان سے بھی بہتر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیفٹی اس بارے میں نہیں ہے کہ ہم کیا کہتے ہیں، بلکہ یہ اس بارے میں ہے کہ ہم ہر دن کیا کرتے ہیں۔ اسے حاصل کرنے کے لیے تنظیم میں عالمی سطح کے طریقہ کار، سخت تعمیل اور انفرادی جوابدہی کی ضرورت ہوگی۔ چیئرمین نے مسافروں کے تجربے میں تسلسل اور تیزی سے بدلتے ہوئے آپریٹنگ ماحول میں ردعمل دینے میں مزید چستی پر بھی زور دیا۔مالیاتی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے ملازمین سے لاگت کے تئیں بیداری کا ایک مضبوط کلچر قائم کرنے میں مدد کرنے کی اپیل کی۔