ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

غیر ضروری بیانات کی اہمیت نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتزاز احسن کیخلاف درخواست نمٹادی

 اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعتزاز احسن کے بیان کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست نمٹا دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اداروں اور عدلیہ مخالف بیان پر اعتزاز احسن کے خلاف کپٹن (ر) صفدر کی جانب سےدی گئی توہین عدالت کی درخواست  کی سماعت کے آغاز پر درخواست گزار نے عدالت کو متنازع بیان سے متعلق آگاہ کیا، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ کو اس عدالت پر اعتماد ہے؟، کیا کوئی اس عدالت کو Influence  کر سکتا ہے؟۔

وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں عدالت پر مکمل اعتماد ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ غیر ضروری طور پر آپ کیوں ایسے بیانات کو اہمیت دے رہے ہیں۔ ایسے بیانات روزانہ دیے جارہے ہیں، وی لاگز میں کیا کچھ کہا جاتا ہے۔غیر ضروری طور پر عدالت اس کو اہمیت نہیں دے گی۔مس رپورٹنگ بھی ہورہی ہے۔ جو جس کا جی چاہتا ہے کر رہا ہے۔ اس کا حل توہین عدالت نہیں ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ایک شخص 40 سال سے وکالت کر رہا ہے، کہہ رہا ہے باجوہ نے کیس سے نکلوایا۔ کل یہی کلپ مخالفین اٹھا کر کہیں گے کہ کسی نے کیس سے بری کروایا ہے ۔ چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء میں کوئی اگر اس عدالت کو Influence  نہیں کر سکا تو اب بھی کوئی نہیں کر سکتا ۔

درخواست گزار نے کہا کہ آپ نے وقت کے فرعونوں کے خلاف فیصلہ دیا، ہمیں ضمانت دی۔ طلال چودھری اور دوسروں کو توہین عدالت میں بلایا گیا، اب ان کو کیوں نہیں بلا رہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ چاہتے ہیں اب یہ عدالت بھی وہی کرے جو وہ کرتے رہے ہیں۔

عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو ہدایت دی کہ آپ غیر ضروری چیزوں میں نہ جائیں۔یہ عدالت کسی سے غیر ضروری وضاحت طلب نہیں کرے گی۔ اس کیس میں آرڈر کر کے نمٹا دیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کی اعتزاز احسن کے متنازع بیان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں