ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ریاستی درجہ حکمرانی کی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا: سنیل شرما

بارہمولہ/جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف سنیل شرما نے نیشنل کانفرنس کی زیر قیادت حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حکمرانی کی ناکامیوں کی ذمہ داری سے بچنے کے لیے ریاستی درجہ بحال کرنے کے معاملے کو بہانے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔بارہمولہ میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شرما نے الزام عائد کیا کہ حکومت میں بدعنوانی حد سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ نیشنل کانفرنس کی زیر قیادت حکومت میں نوجوان روزگار کے مسائل کے باعث شدید پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کچھ ذمہ داریاں ہیں جنہیں اسے پورا کرنا چاہیے، جبکہ دستیاب اختیارات اور وسائل کا مؤثر استعمال نہیں کیا جا رہا۔
قائد حزب اختلاف نے کہا، ’’ہمیں کام کرنے کا موقع دیں، ہم دکھائیں گے کہ کام کیسے کیا جاتا ہے۔ ان کے پاس کام ہے، لیکن وہ اسے استعمال نہیں کر رہے۔‘‘سنیل شرما نے الزام لگایا کہ نوجوان بالخصوص روزگار کے معاملے پر سخت مشکلات سے دوچار ہیں اور حکومت پر ملازمتیں آؤٹ سورسنگ کے ذریعے فراہم کرنے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام سے متعلق مسائل کو مسلسل ایوان میں اٹھاتی رہے گی، جن میں این ایچ ایم ملازمین، ڈیلی ویجرز اور آنگن واڑی کارکنوں کے مطالبات بھی شامل ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے مزید الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے فنڈز کا زمینی سطح پر مؤثر استعمال نہیں ہو رہا۔ انہوں نے پنچایتی راج اور اربن لوکل باڈیز کے انتخابات میں تاخیر کو بھی اسی معاملے سے جوڑا۔
سنیل شرما نے بجلی کے نرخوں میں اضافے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام لوگوں پر مزید مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کے حقیقی مسائل کو اجاگر کرتی رہے گی اور اسمبلی کے فلور سمیت دیگر جمہوری پلیٹ فارمز پر حکومت کو جوابدہ ٹھہرائے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں