ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کراچی کے بلوچ کالونی گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی، متعدد علاقوں میں بجلی معطل

خوفناک آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ نے قابو پالیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

September 22, 2026 · اہم خبریں

کراچی کے بلوچ کالونی گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

کراچی کے بلوچ کالونی گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی ایکسپریس وے کے قریب کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ فائر بریگیڈ حکام نے آتشزدگی کی شدت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر کارروائیاں شروع کیں اور فائر ٹینڈرز کو موقع پر روانہ کیا۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچ کالونی گرڈ اسٹیشن کے 3 پینلز میں آگ لگی تھی اور ان پینلز کے اوپر فیول کے ٹینک موجود تھے۔ جب فائر فائٹرز موقع پر پہنچے تو شعلے 30 سے 40 فٹ اونچے اٹھ رہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 8 فائر ٹینڈرز اور 2 واٹر باؤزرز کی مدد سے اس ہنگامی صورتحال پر قابو پایا گیا، اور خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد جویریہ اقبال نے بھی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے تصدیق کی کہ گرڈ اسٹیشن میں لگنے والی آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور فائر بریگیڈ کا عملہ بروقت کارروائی کے ذریعے آگ بجھانے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر قریبی علاقوں کی بجلی فوری طور پر منقطع کر دی گئی تھی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق آگ لگنے اور بجلی معطل ہونے کے اس واقعے سے منظور کالونی، بلوچ کالونی، محمود آباد اور پی ای سی ایچ ایس کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کے عملے کی جانب سے کولنگ کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں