غلام نبی رینہ
کنگن// زوجیلا کے رسول موڑ کے مقام پر جمعرات کے روز ایک مال بردار ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگرا، تاہم حادثے میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر معجزاتی طور پر محفوظ رہے۔
ذرائع کے مطابق زیر نمبر JK04J-5692 مال بردار ٹرک سونمرگ سے کرگل کی جانب جا رہا تھا کہ رسول موڑ، زوجیلا کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگرا۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرک کو شدید نقصان پہنچا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی سونمرگ پولیس اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
پولیس اسٹیشن سونمرگ کے ایس ایچ او رئیس احمد نے بتایا کہ حادثے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، تاہم ڈرائیور اور کنڈیکٹر محفوظ رہے۔
ٹریفک پولیس سونمرگ کے سیکشن آفیسر فاروق احمد نے بھی تصدیق کی کہ ٹرک سونمرگ سے کرگل کی طرف جا رہا تھا اور حادثے میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر معجزاتی طور پر بچ گئے۔
سونمرگ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔