لاڑکانہ سے مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے جانے والی زائرین کی بس ایرانی شہر یزد میں خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 35 زائرین جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے۔ جن کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ۔
ایرانی میڈیا کے مطابق زائرین کی بس کو حادثہ رات 9 بج کر 54 منٹ پر پیش آیا، ایران سے عراق جانے والی بس ایران کے شہر یزد میں خوفناک حادثے کا شکار ہوئی، جس میں 53 زائرین سوار تھے ، حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے ۔
ایرانی میڈیا کے مطابق زائرین کی بس یزد پہنچی، جہاں بس کے مبینہ طور پر بریک فیل ہو گئے اور بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی۔
ذرائع کے مطابق بس میں سوار زیادہ تر زائرین کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بس حادثے میں زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

