غلام نبی رینہ
کنگن/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز وسطی ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میں واقع ناراناگ سے سالانہ ہرمکھ گنگہ بل یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جس کے ساتھ ہی ہرمکھ پہاڑی سلسلے میں واقع مقدس گنگہ بل جھیل کی جانب یاتریوں کے سفر کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔
ہری جھنڈی دکھانے کی تقریب کے دوران راجوری پونچھ کے رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد لاروی، ایم ایل اے کنگن میاں مہر علی، آئی جی پی کشمیر سجیت کمار، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کیشور، ایس ایس پی گاندربل سمیت پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
تین روزہ ہرمکھ گنگہ بل یاترا کا آغاز ناراناگ کنگن سے ہوا، جہاں انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے عقیدت مندوں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے پہاڑی راستے پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ہرمکھ پہاڑ کے دامن میں واقع گنگہ بل جھیل کی یاترا کشمیری پنڈت برادری کا ایک سالانہ مذہبی سفر ہے۔ ناراناگ سے شروع ہونے والے اس دشوار گزار راستے میں یاتریوں کو گنگہ بل جھیل تک پہنچنے کے لیے ہرمکھ پہاڑی سلسلے کی بلند و بالا چوٹیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔
انتظامیہ نے یاترا کے سلسلے میں پہلے ہی وسیع پیمانے پر انتظامات مکمل کیے تھے، جبکہ صوبائی اور ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران نے مختلف سہولیات کا جائزہ بھی لیا تھا۔ یاترا کے راستے پر سکیورٹی، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اس سال یاترا میں مجموعی طور پر95 یاتری شریک ہیں، جن میں 83 مرد اور 12 خواتین شامل ہیں۔ یاترا 20 ستمبرکو اختتام پذیر ہوگی۔