جموں/جموں کے لوئر روپ نگر علاقے میں سالگرہ کی تقریب کے دوران مبینہ طور پر جھگڑے کے بعد 35 سالہ شخص کو تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے معاملے میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی دیر رات پیش آیا، جب چند دوست سڑک کنارے گاڑی کھڑی کرکے نیرج کمار عرف انشو کی سالگرہ منا رہے تھے۔ تقریب کے دوران نیرج کے چہرے پر کیک لگانے کے معاملے پر ان کے درمیان بحث شروع ہوگئی۔
بحث کے دوران غصے میں نیرج نے سانبہ ضلع کے بڑی برہمناں کے رہنے والے پون کمار پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کردیا۔ شدید زخمی پون کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال، جموں منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔واقعے کے بعد ملزم اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ہتھیار کی تلاش اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کردی۔ دیر رات کی گئی کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔