ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ای ڈبلیو او نے 93 لاکھ روپے کے کشمیری پنڈت مہاجر اراضی فراڈ کیس میں ایک شخص کو گرفتار کیا

سری نگر/کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ (ای ڈبلیو او) کشمیر نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے، جس پر مبینہ طور پر کشمیری پنڈت مہاجرین کی زمین اور جائیداد سے متعلق ایک جعلی سودے کے ذریعے ایک شخص سے 93 لاکھ روپے ہتھیانے کا الزام ہے۔ ملزم نے مبینہ طور پر جائیداد کی ملکیت یا اس پر اختیار کے بارے میں فرضی دعوے کرتے ہوئے جعلی معاہدوں کا استعمال کیا۔حکام نے جمعہ کو بتایا کہ ملزم تقریباً ایک سال سے گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت غلام محی الدین ڈار، ساکن جوا لپورہ، سمسن، بڈگام کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے سری نگر کی سب جج عدالت کی جانب سے جاری حکم اور وارنٹ کی تعمیل میں گرفتار کیا گیا۔ڈار کے خلاف کرائم برانچ جموں و کشمیر کے پولیس اسٹیشن ای او ڈبلیو کشمیر/ایس سی ڈبلیو کشمیر میں متعدد فوجداری مقدمات بھی درج ہیں۔ ان میں ایف آئی آر نمبر 17/2026 بھی شامل ہے، جو ای او ڈبلیو کشمیر پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 318(4)، 338، 340 اور 61(2) کے تحت درج کی گئی ہے۔
ای او ڈبلیو کے مطابق، یہ معاملہ ایک تحریری شکایت سے متعلق ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ زمین کے بروکر ڈار نے شریک ملزم سوم ناتھ کول، ساکن 22 لوٹس ٹاور، بنگلورو نارتھ، کرناٹک/جنی پور، جموں کے ساتھ ملی بھگت کرکے متاثرہ شخص سے 93 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔
تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے جعلی معاہدوں کے ذریعے پلوامہ کے درسو میں پانچ کنال مہاجر اراضی اور بجبہارا میں کھڑے 300 درختوں کی جعلی فروخت کی پیشکش کی تھی۔ مبینہ طور پر دھوکے سے حاصل کی گئی رقم منتقل کرنے کے لیے استعمال ہونے والا ایک بینک اکاؤنٹ رقم کی منتقلی کے عین دن کھولا گیا تھا اور اسے صرف اس فراڈ کو انجام دینے کے لیے استعمال کیا گیا۔ای او ڈبلیو نے بتایا کہ دونوں ملزمان خود کو جائیداد کے مختارِ عام یا مالک ظاہر کرکے لوگوں کو مہاجرین کی جائیداد فروخت کرنے کے جھوٹے وعدے کرتے اور سادہ لوح افراد کو دھوکہ دیتے تھے۔مفرور شریک ملزم سوم ناتھ کول کے خلاف ’ہو اینڈ کرائی‘ نوٹس اب بھی فعال ہے۔ اس نیٹ ورک اور اس کی سرگرمیوں کے بارے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں