ادھم پور/مرکزی تحقیقاتی بیورو (CBI) نے اُدھم پور میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے دفتر کے تحت تعینات ایک فائر مین کو 15 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔سی بی آئی کے مطابق ملزم کٹرا میں ایک ہوٹل کے لیے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کا این او سی (NOC) جاری کرنے اور اس سے متعلق کارروائی مکمل کرنے کے عوض شکایت کنندہ سے رشوت کا مطالبہ کر رہا تھا۔
سی بی آئی نے جاری ایک بیان میں بتایا کہ 6 اکتوبر کو شکایت کی بنیاد پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ملزم نے این او سی کی کارروائی اور اجرا کے لیے شکایت کنندہ سے 40ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔
بیان کے مطابق بات چیت کے بعد ملزم 15ہزار روپےرشوت لینے پر رضامند ہوگیا۔سی بی آئی نے بتایا کہ 6 اکتوبر کو جال بچھایا گیا، جس کے بعد ملزم کو شکایت کنندہ سے 15 ہزار روپے رشوت طلب کرتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکر لیا گیا۔سی بی آئی کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔