جموں/جموں کے ریشم گھر کالونی میں جمعرات کی دوپہر ایک 35 سالہ اخبار فروش کو اس کے گھر کے اندر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔متوفی کی شناخت دیپک شرما ساکن ریشم گھر کالونی کے طور پر ہوئی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق دیپک شرما دوپہر کے کھانے کے لیے گھر واپس آیا تھا کہ ایک نامعلوم شخص مبینہ طور پر اس کے کمرے میں داخل ہوا اور قریب سے اس کے سر میں گولی مارنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔دیپک کو فوری طور پرگورنمنٹ میڈیکل کالج (GMC) اسپتال جموںمنتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے پہنچتے ہی مردہ قرار دے دیا۔
دن دہاڑے گھر کے اندر پیش آنے والے اس قتل کے واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی باشندوں کے مطابق قتل کے باوجود کسی پڑوسی نے گولی چلنے کی آواز نہیں سنی۔دیپک شرما اپنے پیچھے اہلیہ اور دو بچوں کو سوگوار چھوڑ گیا ہے۔
پولیس نے بخشی نگر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ جائے واردات کو محفوظ کر لیا گیا ہے جبکہ حملہ آور کی شناخت اور قتل کے حالات کا پتہ لگانے کے لیے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی جا رہی ہے۔