سفارتی دباؤ میں اضافہ، برطانوی حکومت سے اپیل، حراستی حالات پر تشویش کا اظہار۔
سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور عمران خان کی پرانی ملاقات کی فائل فوٹو
برطانیہ کے سابق وزیر اعظم بورس جانسن نے اڈیالہ جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے برطانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنا سفارتی اثر و رسوخ استعمال کرے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شائع ہونے والے اپنے کالم میں بورس جانسن نے مؤقف اختیار کیا کہ 1992 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے لیجنڈ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں انتہائی نامناسب اور سخت حالات میں رکھا جا رہا ہے۔ کالم کے مطابق عمران خان ایک چھوٹے سے سیل میں طویل قیدِ تنہائی کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔
دستاویزات اور شائع شدہ مواد کے مطابق عمران خان کو ان کے اہلخانہ، وکلا، کتابوں اور اخبارات تک انتہائی محدود رسائی دی جا رہی ہے، جبکہ ان کے طبی علاج کے معاملے میں بھی جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ کالم میں ان رپورٹس کا بھی خصوصی حوالہ دیا گیا ہے جن کے مطابق قید کے دوران عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی شدید متاثر ہوئی ہے۔