
دپیکا پڈوکون نے مقبول ترین اداکاروں کی فہرست میں تیسرا نمبر حاصل کیا ہے ؛ فوٹوفائل
لاس اینجلس: دنیا بھر کے مقبول ترین اداکاروں کی جاری ہونے والی فہرست میں بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے پریانکا چوپڑا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
بین الاقوامی ویب سائٹ ہالی ووڈ رپورٹر نے سوشل میڈیا (فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، یوٹیوب اور گوگل پلس) کے ذریعے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے والے اداکاروں کی فہرست جاری کی جس کے مطابق اداکارہ پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون ہالی ووڈ اداکاروں کے ساتھ فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا نے بھارتی فلم انڈسٹری کے ساتھ ہالی ووڈ میں بھی خوب نام کمایا یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کی دیگر اداکاراؤں کی نسبت دپیکا اور پریانکا کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہے اور بیرون ممالک دونوں کے لاکھوں مداح موجود ہیں جو انہیں بے حد پسند کرتے ہیں۔
ڈوین جانسن:

حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم’’جومانجی‘‘میں ایکشن اور کامیڈی سے لوگوں کا دل جیتنے والے ہالی ووڈ اداکار ڈوین جانسن فہرست میں پہلا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
کیون ہارٹ:

ہالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار کیون ہارٹ نے مقبولیت میں دوسرا نمبر حاصل کیا ہے۔
دپیکا پڈوکون:

حیرت انگیز طور پر بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون دنیا کے مقبول ترین اداکاروں کی فہرست میں تیسرا نمبر خاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں ۔کہا جارہا ہے کہ فلم’’پدماوت‘‘کو تنازعات کے باعث ملنے والی شہرت سے دپیکا کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
ملی بوبی براؤن:

برطانوی ماڈل و اداکارہ ملی بوبی براؤن سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مقبولیت میں چوتھا نمبر حاصل کیا ہے۔
ول اسمتھ:

ہالی ووڈ اداکارو پروڈیوسر ول اسمتھ کیرئیر کی ابتدا ہی سے اپنے چاہنے والوں کے دلوں پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں ۔ مقبول ترین اداکاروں کی فہرست میں ول اسمتھ نے پانچوں نمبر حاصل کیا ہے۔
ڈَو کیمرون:

امریکا کی معروف اداکارہ و گلوکارہ ڈَو کیمرون سوشل میڈیا پر بہت زیادہ مقبول ہیں اور اپنی اسی مقبولیت کے باعث وہ اس فہرست میں چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔
جینیفر لوپیز:

ہالی ووڈ اداکارہ، گلوکارہ ، ڈانسر اور فیشن ڈیزائنر جینیفر لوپیز کے چاہنے والے بھی پوری دنیا میں موجود ہیں ۔ لوپیز مقبول ترین اداکاروں کی فہرست میں ساتویں پوزیشن پر ہیں۔
پریانکا چوپڑا:

ہالی ووڈ کی مقبول ترین ٹی وی سیریز ’’کوانٹیکو‘‘کی بدولت خوبرو اداکارہ پریانکا چوپڑا کی شہرت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ،ہالی ووڈ فلم ’’بے واچ نے‘‘ بھی اداکارہ کی شہرت میں اضافہ کیا تھا جب کہ ’’کوانٹیکو‘‘کے نئے سیزن کے ساتھ ہی پریانکا بین الاقوامی میڈیا پر ایک بار پھر شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں یہی وجہ ہے کہ اس فہرست میں اداکارہ پریانکا چوپڑا آٹھویں نمبر پر براجمان ہیں۔
گال گوڈٹ:

’’ونڈروومن‘‘کے نام سے مشہوراسرائیلی ماڈل و اداکارہ گال گوڈٹ سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہیں اور نویں نمبر پر براجمان ہیں۔
نوہا نیپ:

سائنس فکشن سیریز ’’اسٹرینجرز‘‘کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے امریکا کے نامور اداکار نوہا نیپ اس فہرست میں دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔
