English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چھالیہ کی درآمد مشکل ٗ تاجروں نے جوڑیا بازار بند کرنیکی کی دھمکی دیدی

بازار بند ہونے کی صورت میں لاکھوں افراد بے روزگار اور حکومت اربوں روپے ٹیکس سے محروم ہوجائے گی
تاجروں کا وفد مذاکرات کیلئے اسلام آباد پہنچ گیا ٗ چھالیہ ٗ املی ٗ کھوپرے اور گرم مصالحے کی بلاواسطہ درآمد پر پابندی عائد
چھالیہ مہنگی ہونے کے باعث پان کی قیمت 20سے 30روپے تک پہنچ گئی ٗ فروخت میں بھی کمی ہوگئی
کراچی (نیوز ڈیسک)چھالیہ بحران نے شدت اختیار کرلی ہے جوڑیا بازار کے تاجروں نے کاروبار بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ بازاربند ہوا تو لاکھوں افراد بے روزگار اور حکومت کو ٹیکس کی مد میں اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چھالیہ، گرم مصالحے، املی، کھوپرے اور پان کے نرخوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد پاکستان میں تھوک کی سب سے بڑی مارکیٹ جوڑیا بازار بدترین بحران اور عدم استحکام کا شکار ہوگئی اور تاجروں نے مارکیٹس بند کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ صورتحال پلانٹ پروٹیکشن کے ڈائریکٹر جنرل کے ایک نادر شاہی حکم کے نتیجے میں پیدا ہوئی جنہوں نے چھالیہ، املی، کھوپڑے، گرم مصالحے کی بلاواسطہ امپورٹ پر پابندی لگادی اور امپورٹ شدہ مال کے لیبارٹری ٹیسٹ کی شرط عائد کردی۔ ڈی جی نے کہا کہ چھالیہ سمیت تمام اشیا مختلف ممالک سے براہ راست درآمد کی جائیں۔ تیسرے ملک کے ذریعے درآمد پر پابند ہوگی۔ اس حکم کے ساتھ چھالیہ جوکہ کچھ عرصے پہلے 350 روپے کلو تھی 2400 روپے فی کلو ہوگئی۔ گرم مصالحہ مارکیٹ سے غائب ہوگیا۔ تاجروں نے بتایا کہ 4 ماہ قبل چھالیہ 400 روپے فی کلو تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نئی صورتحال پر حکومت سے مذاکرات کے لیے تاجروں کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ مذاکرات ناکام ہوئے تو جوڑیا بازار بند کردیاجائے گا جس سے حکومت کو ٹیکسوں کی صورت میں اربوں روپے کا ٹیکس ملنا بند ہوجائے گا۔ چھالیہ مہنگی ہونے کے ساتھ پان فروشوں نے پان 7 روپے سے 20 روپے کا کردیا۔ پا ن فروشوں کی آمدنی60 فیصد گھٹ گئی اور 60 فیصد پان کم فروخت ہوئے۔ سادہ پان کی قیمت بھی بڑھ گئی جوکہ 13 سو سے 21 سو روپے فی کلو ہوگیا۔ تمبا کو کا ظہور راجہ جانی ڈبل پتی مکس پتی پان 25 روپے کا ہوگیا۔ میٹھا پان 30 روپے میں مل رہا ہے۔ چھالیہ اور تمباکو سے بننے والے ماوے کی قیمت 20 روپے سے 70 روپے اور معیاری ماوے کی 120 روپے فی پڑیا ہوگئی۔ اس دوران پان کے رجحان میں بہت کمی ہوگئی۔ دوسری جانب پان کی 10 کلو کی تھیلی 20 ہزار روپے کی ہوگئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے