انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے کے کے ایف فنڈز سے 6 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کیلئے سرچ وارنٹس جاری کرنے کی درخواست کردی گئی
لوگوں سے بھتہ، تاوان لے کر رقم کے کے ایف فنڈ میں جمع کروائی گئی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھجوائی گئی، جو ریاست مخالف سرگرمیوں میں استعمال ہوئی، ایف آئی اے حکام
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی تحقیقات ایجنسی ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ا یم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فائونڈیشن کے دفتر پر چھاپے اور ریکارڈ سیل کرنے کی اجازت طلب کرلی۔ ایف آئی اے کی جانب سے کی جانیوالی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسے کے کے ایف فنڈز سے6ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کیلئے سرچ وارنٹس جاری کئے جائیں۔ ایف آئی اے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ کے کے ایف کا ریکارڈ سیل کرنے کی اجازت بھی دی جائے۔ معصوم لوگوں سے بھتہ‘ تاوان لے کر رقم کے کے ایف فنڈز میں جمع کروائی گئی اور پھر اس رقم کو منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیا گیا۔ درخواست میں یہ موقف بھی اپنایا گیا کہ بیرون ملک بھیجی گئی رقم دہشت گردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں استعمال ہوئی۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے موجودہ اور سابقہ رہنمائوں کو اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے جن میں ڈاکٹر فاروق ستار‘ کنور نوید جمیل‘ علی رضا عابدی‘ ڈاکٹر ارشد وہرہ ‘عادل صدیقی ‘عبدالحسیب ‘سید انور رضا‘ افتخار عالم‘ معین عامر پیرزادہ‘ شیراز وحید‘ عدنان احمد‘ صفیان یوسف‘ شیخ صلاح الدین‘ محمد عبدالرئوف ‘محبوب عالم‘ احمد علی اور ساجد احمد شامل ہیں۔ تحقیقات کیلئے تمام افراد کو27 فروری سے7مارچ کے دوران طلب کیا گیا ہے۔

