رواں سال جون میں بینک کھاتوں میں 14458 ارب روپے موجود تھے، جولائی میں یومیہ اوسطاً 23 ارب روپے بینک کھاتوں سے نکالے گئے
عیدالاضحی کے باعث بھی عوام نے بینکوں سے رقوم نکالیں، جولائی میں بینکوں سے رقوم نکلوانے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، اسٹیٹ بینک
کراچی (صباح نیوز) بینکوں میں رکھی گئی رقوم کے بارے میں پوچھ گچھ کے ڈر سے لوگوں نے بینکوں سے پیسے نکلوانا شروع کر دیے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی کے مہینہ میں عوام نے بینکوں سے 700 ارب روپے سے زائد نکلوا لیے۔ رقم کہاں سے آئی اور ذریعہ آمدن کیا تھا ان سوالات سے بچنے کے لیے عوام نے بینکوں سے دھڑا دھڑ رقوم نکلوانا شروع کردی ہیں۔ جولائی 2019ء میں یومیہ اوسطاً 23 ارب روپے بینک کھاتوں سے نکلے۔ اس طرح بینک کھاتوں سے ایک ماہ میں 700 ارب روپے نکلوا لیے گئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جون 2019ء کو بینک کھاتوں میں 14458 ارب روپے موجود تھے جو جولائی 2019ء کو کم ہو کر 3747 ارب روپے رہ گئے۔ ماہرین کے مطابق عوام کی جانب سے بینکوں سے رقوم نکالنے کی سب سے بڑی وجہ بینک کھاتوں کی جانچ پڑتال اور پوچھ گچھ ہے جبکہ عیدالاضحی کے باعث بھی عوام نے بینک کھاتوں سے رقوم نکالی ہیں۔
ذرائع آمدنی سے متعلق پوچھ گچھ کا ڈر جولائی میں عوام نے بینکوں سے 700 ارب روپے نکلوالئے
القمر

