English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ڈالر اور سونا مزید سستا ہوگیا

القمر

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمائے کی مالیت میں 1.73 کھرب روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا
انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 70 پیسے کی کمی، سونے کی قیمت بھی 200 روپے فی تولہ کم ہوگئی
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس کی 31 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی اور انڈیکس مزید 911.70 پوائنٹس کے اضافے سے 1884.45 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ 85.86 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 73 ارب 9 کروڑ 2 لاکھ روپے بڑھ گئے اور کاروباری حجم بدھ کی نسبت 94.47 فیصد زائد رہا۔ جمعرات کو مجموعی طور پر 389 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 334 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں اضافہ، 14 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی جبکہ 14 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔ علاوہ ازیں فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات کو انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 70 پیسے کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت فروخت 158.70 روپے سے کم ہو کر 158 روپے ہو گئی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 30 پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 158.50 روپے سے کم ہو کر 158.20 روپے اور قیمت فروخت 159 روپے سے کم ہو کر 158.70 روپے ہو گئی۔ علاوہ ازیں آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں 4 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 1496 ڈالر ہو گئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 200 روپے سستا ہو کر 87 ہزار 900 روپے کا ہو گیا جبکہ دس گرام سونے کی قیمت میں 172 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے دس گرام سونے کی قیمت 75 ہزار 360 روپے ہوگئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے