English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومتی صفوں میں پھوٹ پڑ گئی، ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن مستعفی

القمر

سینئر رہنما اپنے عہدے اور کئی پارٹی رہنماؤں کے روئیے سے سخت نالاں تھے‘حکومتی ذرائع
وزیراعظم کے مشیر خاص برائے میڈیا افتخار درانی کو بھی لاپرواہی کی وجہ سے سائیڈ لائن کردیاگیا
بابر اعوان کو وزیراعظم کا مشیر خاص تعینات کیا جائے گا‘نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومتی صفوں میں پھوٹ پڑ گئی۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر اپنے عہدے اور حکمراں جماعت کے کئی لوگوں کے روئیے سے سخت نالاں تھے۔ ندیم افضل چن نے اسی باعث وزیراعظم کے ترجمان کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس تمام معاملے کے حوالے سے حکومتی ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن جو کہ پارلیمانی امور پر وزیراعظم عمران خان کے مشیر بھی ہیں ، اپنی پوزیشن کو برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے اس ذمہ داری سے سبکدوش ہونا چاہتے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بابر اعوان کو وفاقی کابینہ میں آئندہ ہونے والی ممکنہ تبدیلیوں میں وزیراعظم عمران خان کا مشیر خاص تعینات کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے مشیر خاص برائے میڈیا افتخار درانی بھی اپنے پوزیشن کے حوالے سے خاصے لا پرواہ نظر آتے ہیں۔انہیں قبائلی علاقہ جات میں الیکشن مہم کے لیے بھیجا گیا تھا لیکن الیکشن کے بعد سے ہی وہ منظر عام سے غائب ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ افتخار درانی کو وزیراعظم آفس میں دیا جانے والا چیمبر بھی آج کل خالی ہے اور انہیں کابینہ کے گذشتہ تین سے چار اجلاسوں میں مدعو بھی نہیں کیا گیا۔ کچھ ذرائع نے بتایا کہ افتخار درانی اپنی ذمہ داریاں بخوبی سر انجام دے رہے ہیں لیکن وہ وزیراعظم آفس کی بجائے اسلام آباد میں موجود پارٹی آفس میں زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ افتخار درانی سے اس ضمن میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ میں نے قبائلی علاقوں میں اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی اور اب میں اگلے ٹاسک کا انتظار کر رہا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے