غریب آباد میں متعددگاڑیاں ٹرنچ میں پھنس گئیں ،کرین کی مدد سے نکالا گیا
شاہراہ پاکستان پر تین ہٹی کے قریب گرومندر کی جانب آنیوالا حصہ ٹریفک کیلئے بند
ہلکی و تیز بارش کے دوران شہر میں کچرااٹھانے کا عمل معطل رہا ،گلیاں اورمحلے کیچڑ زدہ
شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ، لسبیلہ آنے والی سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بدھ اورجمعرات کی شب شروع ہونے والی ہلکی وتیز بارش کے دوران شہر میں کچرااٹھانے کاعمل معطل رہا، کچراکنڈیوں سے کچرا نہیں اٹھایا جاسکا۔ برساتی پانی سے شہر کی گلیاں اورمحلے کیچڑ زدہ ہوگئے جس سے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔ بدھ اور جمعرات کی شب ہونے والی تیز بارش کے دوران کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ سڑکوں پر جمع ہونے والا پانی نکالتا رہا جس سے جمعرات کی صبح شارع فیصل اور دیگر شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں تاہم وہ سڑکیں جن پر گڑھے نمودار ہوئے تھے ان میں پانی کھڑا ہونے سے بعض سڑکوں پر بالخصوص نواب صدیق علی خان روڈ گلبہار میں ایک ٹریک پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ بالخصوص شارع فیصل کے کئی مقامات پر واٹربورڈ کی گاڑیاں پانی کی نکاسی میں مصروف نظر آئیں، 24گھنٹے سے جاری ہلکی وتیز بارش سے شہر کے بعض علاقوں میں سڑکیں بیٹھنے کی اطلاعات ہیں۔ شاہراہ پاکستان پر تین ہٹی کے قریب گرومندر کی جانب آنے والا حصہ ٹریفک کے لئے بند کردیاگیا تھا جس کی وجہ سڑک پر نمودار ہونے والا گڑھا بتایاجارہا ہے۔ اس کے علاوہ غریب آباد عثمان میموریل اسپتال کے قریب تعمیراتی کاموں کے لئے کھودی گئی سڑک بیٹھنے سے متعددگاڑیاں ٹرنچ میں پھنس گئیں جنہیں کرین کی مدد سے نکالاگیا۔گلبہار کی مرکزی شاہراہ پر بارش وسیوریج کا پانی جمع ہونے سے متعددگڑھے نمود ار ہوگئے ہیں جن سے بچنے کے لیے لوگ اطراف سے گزرنے کی کوشش کرتے رہے جس سے لسبیلہ کی جا نب آنے والی سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا اور ناظم آباد تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ گزشتہ بارش کے دوران جن سڑکوں اورگلیوں میں گڑھے نمودا ر ہوئے تھے ان میں جمع ہونے والے پانی سے شہریوں کو پریشانی کا سامناکرنا پڑا۔ ایم اے جناح روڑ پر تبت سینٹر کے قریب پانی جمع ہونے کی اطلاع ملی جسے بعد ازاں صاف کردیاگیا۔ دوسری جانب ضلعی بلدیات کی جانب سے نکاسی آب اورکچرااٹھانے کے دعووں کے باوجود جمعرات کو کچراکنڈیوں سے کچرا اٹھایا نہیں جاسکا ہے۔
بارش سے متعدد سڑکیں بیٹھ گئیں, ٹریفک نظام متاثر
القمر

