English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دوسری جنگ عظیم کی طرح جنگ کا خطرہ پھیل گیا، وزیراعظم

القمر

…مودی سن لو ! پاک فوج تیار ہے ، ہم اینٹ کاجواب پتھر سے دیں گے…
دنیا کشمیر کو نظرانداز نہیں کرسکتی ، ہم سب خطرے میں ہیں،عالمی برادری کو کاروباری فوائد سے بالاترہوکر سوچنا ہوگا
ہٹلرکی نازی پارٹی سے متاثرمودی اور اس کے وزراآر ایس ایس کے ممبر ہیں‘ عمران کا نیویارک ٹائمز میں مضمون
طلبہ ، دکاندار، مزدور، سرکاری ملازم ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں‘ اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مودی سن لو ہم اینٹ کاجواب پتھرسے دیں گے، جب تک کشمیرآزادنہیں ہوتاہرفورم پرکشمیریوں کی جنگ لڑوں گا، مودی کاتکبرخاک میں ملے گا اور کشمیر آزاد ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کی طرح جنگ کا خطرہ پھیل گیا، دنیا کشمیر کو نظرانداز نہیں کرسکتی ، ہم سب خطرے میں ہیں،عالمی برادری کو کاروباری فوائد سے بالاترہوکر سوچنا ہوگا، ہٹلرکی نازی پارٹی سے متاثر مودی اور اس کے وزرا آر ایس ایس کے ممبر ہیں۔ انہوں نے نیویارک ٹائمز میں اپنے مضمون میں کہا کہ دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں۔ اس مرتبہ جنگ کا خطرہ جوہری سائے تلے ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم بننے کے بعد پہلی ترجیح مذاکرات اور تعلقات بہتر بنانا تھا، بھارت کے ساتھ تجارتی حالات اور معمولات زندگی نارمل کرنا چاہتا تھا، لیکن بھارت نے امن مذاکرات کیلئے ہماری کوششوں کو رد کردیا۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان نیوزیراعظم سیکرٹریٹ کے باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سارا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، جہاں بھی پاکستانی ہیں، اسکول کالج کے طلبہ ، دکاندار، مزدور، سرکاری ملازم ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری آج بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں ، تقریباً80 لاکھ کشمیری گذشتہ4 ہفتوں سے کرفیو کے اندر بند ہیں، ہمارا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کو بتانا ہے کہ ہم سب ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے درد اور دکھ میں شریک ہیں، آج دنیا کو پیغام جائے گا جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی پاکستانی قوم پوری طرح ان کے ساتھ ہے اور آخری دم تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ آج ہندوستان میں حکومت انسانوں پر ظلم کررہی ہے، وہاں آر ایس ایس کا نظریہ اور فلسفہ کا قبضہ ہے جسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس 1925میں بنی اور اس کے اندر سب سے بڑا جذبہ مسلمانوں کے خلاف نفرت تھا، یہ جماعت نفرت کی بنیاد پر قائم ہوئی اور ہندو بالادستی پر یقین رکھتی ہے، یہ ہٹلرکی نازی پارٹی سے متاثر جماعت تھی، اس کے نسلی بالادستی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کا اظہار آج مقبوضہ کشمیر میں ہورہا ہے، اس نظریہ نے ہندوستان پر قبضہ کرلیا ہے جس طرح نازی پارٹی جرمنی پر قابض ہوگئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے