ملک کے سب سے بڑے تجارتی شہر میں دہشت گرد گروپ الگ الگ کارروائیاں کریں گے، دو دہشت گرد گروپوں کے نام بھی سامنے لائے جاچکے ہیں، پہلے مرحلے میں ٹارگٹ کلنگ شروع کی جائے گی
القاعدہ برصغیر آئی ای ڈی کے ذریعے بم دھماکے کرانے کی منصوبہ بندی کرچکی ہے، ممکنہ وارداتوں کی روک تھام کیلئے سیکورٹی اداروں کی جانب سے پلان ترتیب دے دیا گیا
کراچی (کرائم ڈیسک) ملک کے سب سے بڑے تجارتی شہر کراچی میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کے خدشات موجود ہیں، دہشت گرد گروپ الگ الگ کارروائیاں کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے دوران شہر قائد میں دہشت گردی کی وارداتیں ہونے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں گزشتہ روز ہونے والے اعلیٰ سطح کے سیکورٹی اجلاس میں بعض افسران کی طرف سے اعلیٰ حکام کو بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہو چکی ہے جس میں 2 دہشت گرد گروپوں کے نام بھی سامنے لائے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں ٹارگٹ کلنگ شروع کی جائے گی جس میں کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گرد ان وارداتوں کے لیے متحرک رہے ہیں جبکہ دہشت گردوں کی دوسری وارداتوں میں القاعدہ برصغیر آئی ای ڈی کے ذریعہ بم دھماکے کرانے کی منصوبہ بندی کر چکی ہے۔ دہشت گردی کی ان ممکنہ کارروائیوں کی روک تھام کے لیے سیکورٹی اداروں کی طرف سے باقاعدہ ایک سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جس میں خاص طور پر کراچی کے 2 اضلاع شرقی اور غربی میں کریک ڈائون کیا جائے گا اور انٹیلی جنس کی مدد سے ان مبینہ دہشت گردوں کو سوئپنگ کے ذریعے گرفتار کیاجائے گا اور اس سلسلے میں سیکورٹی کے تمام ادارے مشترکہ کارروائیاں کریں گے۔ ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ کالعدم لشکر جھنگوی اور داعش سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد اندرون سندھ خودکش حملہ بھی کرسکتے ہیں۔
محرم الحرام میں شہر قائد میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بڑی کارروائی کرسکتے ہیں
القمر

