انڈہ موڑ سے قلندریہ چوک آنے والی سڑک پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اسامہ کی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا اور نہ رکنے پر گولیاں برسادیں
کراچی کا امن تباہ کرنے کیلئے ایک بار پھر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں کو نشانہ بنانے کی سازش کی جارہی ہے، خالد مقبول
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق 15 مددگار پولیس کو اطلاع دی گئی کہ نارتھ ناظم آباد انڈا موڑ سے قلندریہ چوک آنے والی روڈ پر موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے اسامہ قادری کی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا اور نہ رکنے پر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، جبکہ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈی ایس پی خواجہ معین الدین نے بتایا کہ اسامہ قادری نے مددگار پولیس کو اطلاع دی لیکن وہ تھانے نہیں آئے بلکہ وہ ڈی ایس پی عزیز آباد کے پاس پہنچ گئے۔ ان کے آنے کے بعد پولیس جائے وقوع کا دورے کرے گی۔ اگر ایسی کوئی بات ہوئی تو واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان اسٹریٹ کرمنل ہو سکتے ہیں اگر حملہ آور ہوتے تو وہ روکنے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ اندھا دھند فائرنگ کرتے، پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد حاصل کرے گی تاہم پولیس واقعہ کی مزید جانچ کر رہی ہے۔ دریں اثناء ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایک بار پھر کراچی کا امن تباہ کرنے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں کو نشانہ بنانے کی سازش کی جارہی ہے، خالد مقبول نے کہاکہ ہم رہنمائوں کی حفاظت کے لیے سندھ حکومت کو درخواست دے چکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا ہے۔
نارتھ ناظم آباد میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری پر فائرنگ
القمر

