سڑک پرگہرا گڑھا پڑنے سے ٹریک بند کیا گیا، مہران ہوٹل کے سامنے سیوریج لائن کی تبدیلی
صدر، مین کورنگی روڈ،لکی اسٹار،کینٹ اسٹیشن،گزری سمیت دیگر شاہراہوں پربدترین ٹریفک جام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شارع فیصل کا ایک ٹریک ٹریفک کیلئے بند کئے جانے کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو شہر کی انتہائی اہم شاہراہ شارع فیصل پر ہوٹل آواری ٹاور کے سامنے سڑک پر گڑھا پڑجانے کے باعث ٹریفک پولیس نے ایک ٹریک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا، جس کے باعث شہر کی دیگر اہم شاہراہوں صدر عبداللہ ہارون روڈ، زیب النسااسٹریٹ، مین کورنگی روڈ، ایوان صدر روڈ، لکی اسٹار،کینٹ اسٹیشن ،گزری سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث لوگوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا۔ دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسد اللہ خان کی ہدایت پر عملے نے ہنگامی بنیادوں پر شارع فیصل پر مہران ہوٹل کے قریب دھنسنے والی 48 انچ قطر کی سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام شروع کر دیا ہے۔ واٹر بورڈ کی جانب سے بہتر حکمت عملی اختیار کرنے کے باعث 25 سے 26 فٹ گہرائی میں ڈالی گئی لائن سے جمعرات کی دوپہر نکاسی آب کا عمل جزوی طور پر شروع کر دیا گیا تھا۔
شارع فیصل کا ایک ٹریک بند‘شہریوںکا منٹوں کا سفر گھنٹوں کا ہو گیا
القمر

