سندھ کے سیاسی وتنظیمی معاملات آصفہ بھٹو کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ٗ زرداری نے ڈیل کے امکانات کو مسترد کردیا
نوابشاہ اور لاڑکانہ کی گرمی برداشت کرچکے ہیں ٗ پنڈی کی گرمی ہمارے حوصلے نہیں توڑ سکتی ٗ پیشی کے موقع پر فریال کی بات چیت
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی نے عاشورہ محرم کے بعد پارٹی کی سندھ کونسل کا اجلاس بلا کر زرداری اور فریال کے مقدمات کی سندھ منتقلی اور ان کی رہائی کے لئے باقاعدہ تحریک چلانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ سندھ کے سیاسی معاملات پر گرفت مضبوط کرنے کیلئے آصفہ بھٹو زرداری کو آگے لانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پارٹی رہنمائوں کے ذریعے جیالوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ جیل میں علیل ضرور ہیںلیکن ان کے حوصلے چٹان کی طرح مضبوط ہیں وہ کسی سے ڈیل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور نہ ہی نیب کے ساتھ کوئی معاملہ ہوگا جبکہ ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا کہنا ہے کہ میں نواب شاہ اور لاڑکانہ کی گرمی کو برداشت کرتی رہی ہوں پنڈی کی گرمی میرا حوصلہ نہیں توڑ سکتی۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور جمعرات کو راولپنڈی کی احتساب عدالت میں اپنے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پر سندھ اور پنجاب سے آئے ہوئے پارٹی رہنمائوں سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے جس کی تفصیل کراچی واپس لوٹنے کے بعد بعض پارٹی رہنمائوں نے یہاں بتائی ان رہنمائوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ کے کئی وزراء اور ارکان سندھ اسمبلی بھی اپنی اعلیٰ قیادت سے اظہار یکجہتی کیلئے وہاں پہنچے تھے۔ سابق صدر دوران اسیری علیل ضرور ہیں لیکن ان کا حوصلہ بہت بلند ہے۔ انہوں نے پارٹی رہنمائوں کو بھی اطمینان دلایا کہ اس وقت گھبرانے والی کوئی بات نہیں‘ آزمائش کے دن بہت تھورے رہ گئے ہیں وہ بھی جلد گزر جائینگے۔
زرداری اور فریال کے مقدمات کی سندھ منتقلی کیلئے ٗ پیپلز پارٹی عاشورہ کے بعد تحریک چلائے گی
القمر

