
سندھ کی تقسیم خطرناک ہے، پہلی مرتبہ کسی وفاق حکومت نے آرٹیکل 149کی بات کی
یہ وہ حملہ ہے جو کراچی کوسندھ سے الگ کردے گا،پی ٹی آئی تقسیم کے علاوہ کیا چاہتی ہے
ن لیگ آرٹیکل 149کے نفاذ کی مخالفت کرے گی‘ن لیگی رہنمامحمد زبیر کی پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنمااورسابق گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی کو سندھ سے الگ یونٹ بنانے کی تیاری ہے۔ سندھ کی تقسیم کی بات سب سے خطرناک ہے، پہلی مرتبہ کسی وفاق حکومت نے آرٹیکل 149کی بات کی،یہ وہ حملہ ہے جو کراچی کوسندھ سے الگ کردے گا،پی ٹی آئی تقسیم کے علاوہ کیا چاہتی ہے،ن لیگ سندھ میں آرٹیکل 149کے نفاذ کی مخالفت کرے گی۔انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کچرے کی سیاست ہور ہی ہے، ایک علاقے سے کچرا اٹھا کر دوسرے علاقے میں ڈمپ کیا جارہا ہے۔محمد زبیر نے کہاکہ اگر آرٹیکل 149لگا دیا گیا تووفاق کا ڈھانچہ کمزور ہوجائے گا۔پہلی مرتبہ کسی وفاقی حکومت نے آرٹیکل 149لگانے کی بات کی ہے۔مسلم لیگ ن سندھ میں آرٹیکل 149کے نفاذ کی مخالفت کرے گی۔کیا مسلم لیگ ن کی حکومت نے کراچی میں امن قائم کرنے کیلئے 149کا سہارا لیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کو یہ بات یاد دلانا ہوگی کہ جب وہ کہتے تھے الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے ان کا مینڈیٹ چوری کیا گیا؟اب کہاں ہے ایم کیوایم؟کراچی سے پی ٹی آئی کے منتخب ایم این ایز کہاں ہیں؟۔